متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا

March 31, 2022

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ہونے والے متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے قائدین کے اجلاس میں سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوئی۔

مشترکا اعلامیہ کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورے ہیں، تحریک عدم اعتماد کے لئے ارکان کی مطلوبہ سے زائد تعداد میں دستیابی پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے دو ٹوک واضح کیا کہ عمران نیازی کو کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا، تحریک عدم اعتماد سے متحدہ اپوزیشن ملک میں نئی جمہوری اور آئینی روایات قائم کرے گی۔

متحدہ اپوزیشن کے اجلاس نے قرار دیا کہ عمران نیازی اکثریت کھوچکے ہیں، عمران نیازی وزیر اعظم کے منصب پر غیر آئینی طور پر قابض ہیں، عمران نیازی وزیراعظم کے منصب پر غیر آئینی طور پر قابض ہیں۔

متحدہ اپوزیشن کے مشترکا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اقتدار سے چمٹے رہنے کی خواہش میں عمران خان 1 لاکھ لوگ اسلام آباد لانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، عمران ںیازی ملک کو تصادم، انتشار اور افراتفری سے دوچار کرنے پر تُلے ہوئے ہیں، اجلاس خبردار کرتا ہے کہ عاقبت نااندیشانہ اقدام کے تمام تر نتائج کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومتی مشینری بشمول آئی جی اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے غیر قانونی احکامات نا مانیں، ایک سیاسی جماعت کا آلہ کار بننے کی کوشش کرنے والے حکام کوآئین و قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔