برمنگھم، ’دم مستم نائٹ‘ میں سائرہ پیٹر نے میلہ لوٹ لیا

May 16, 2022

پاکستان کے شہرت یافتہ فنکار ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی شاندار انداز میں پذیرائی کا سلسلہ جاری ہے۔

اتوار 15 مئی کو ’دم مستم‘ نائٹ برمنگھم میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر اور نوید ناشاد نے آواز کا جادو جگا کر میلہ لوٹ لیا۔

شاندار تقریب میں پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے مصروف اداکار اور فلم پروڈیوسر عدنان صدیقی نے دونوں اسٹارز کو آواز کا جادو جگانے کے لیے اسٹیج پر مدعو کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

سائرہ نے اوپیرا موسیقی کے علاوہ فلم ’دم مستم‘ کے گیت بھی اپنی آواز میں پیش کیے۔

پرفارمنس کے بعد موسیقی کے دیوانوں نے سائرہ پیٹر کے ساتھ خوب سیلفیاں بنوائیں۔

اس موقع پر فلم ’دم مستم‘ کی کاسٹ کی شاندار انداز میں پذیرائی کی گئی۔

اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت پاکستانی فلموں اور موسیقی کو پروموٹ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کی طرح کامیاب فلمیں پروڈیوس کی جاری ہیں جنہیں نہ صرف پاکستان میں بلکہ امریکا اور برطانیہ میں بھی پسند کیا جارہا ہے۔

سائرہ پیٹر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری فلمی موسیقی نے ماضی میں خوب رنگ جمایا تھا۔