کراچی: نہم، دہم جماعت کے امتحانی مراکز میں طلبہ اور اساتذہ کے موبائل لانے پر پابندی ہوگی

May 16, 2022

علامتی فوٹو

سندھ میں ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات سے متعلق فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام امتحانی مراکز میں طلبہ اور اساتذہ کے موبائل لانے پر پابندی ہوگی۔

سندھ بھر میں منگل سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگا جس میں 7 لاکھ 26 ہزار 979 طلبہ امتحان دیں گے۔

کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور نواب شاہ ڈویژنز میں 1312 امتحانی مراکز قائم اور 112 ویجی لینس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

امتحانات کے سلسلے میں وزیر بورڈز و جامعات اسماعیل راہو کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری بورڈز مرید راہموں، کراچی، میرپور خاص، لاڑکانہ، نوابشاہ، سکھر اور حیدرآباد کے چیئرمینز بورڈز نے شرکت کی۔

اجلاس میں نقل کی روک تھام، شدید گرمی اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر طے کیا گیا کہ سندھ بھر کے تمام امتحانی مراکز میں طلبہ اور اساتذہ کے موبائل فونز لانے پر پابندی ہوگی، موبائل فونز ساتھ لانے والے طلبہ کو امتحانی مراکز سے باہر نکالا جائے گا۔

محکمہ بورڈز امتحانی مراکز کے انچارج کو طلبہ کو ٹھنڈا پانی کلاس روم تک مہیا کرنے کے لیے سہولت فراہم کرے گا، نقل روکنے کے لیے امتحانی مراکز کے اندر اور باہر سیکیورٹی سخت کی جائے گی۔