کراچی: صدر میں 12 مئی کو ہونے والے دھماکے کے بعد لڑکی کے گمشدہ ہونے کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا

May 16, 2022

فوٹو: فائل

کراچی میں 12 مئی کو لاپتہ پنجاب کالونی کی رہائشی لڑکی گھر پہنچ گئی، اہل خانہ نے ابتدا میں صدر دھماکے کے وقت لڑکی کے لاپتہ ہونے کا بیان دیا تھا، تاہم آج گھر سے غائب ہونے کا بیان دیا۔

12 مئی کو لاپتہ ہونے والی 15 سال کی لڑکی سویرا آج پولیس کے شکایتی مرکز پر پیش ہوگئی، پولیس کے اطلاع کرنے پر والدین لڑکی کو اپنے ساتھ گھر لے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی کو اغواء نہیں کیا گیا، چند روز قبل لڑکی کی والدہ نے پولیس کو بیان میں بتایا تھا کہ صدر دھماکے کے وقت اس کی بیٹی لاپتہ ہوگئی۔

پولیس کے مطابق آج لڑکی کے بھائی نے پولیس کو بیان میں بتایا رات 9 بجے کے قریب پنجاب کالونی میں گھر سے صدر جانے کا کہہ کر نکلی تھی۔ کافی دیر گزر جانے کے باوجود جب واپس نہ لوٹی تو والدہ اور بھابھی صدر میں اسے ڈھونڈنے آئے تو اس وقت دھماکا ہوا۔