نئی حلقہ بندیاں روکنے، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے کی PTI کی استدعا مسترد

May 17, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)نئی حلقہ بندیاں روکنے،الیکشن کمیشن کونوٹس جاری کرنے کی PTIکی استدعا مسترد، رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو دیکھیں گے، سپریم کورٹ، فوادچوہدری کو بطور وکیل بات کرنے سے روکدیا، تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیاں کرانے کیخلاف حکم امتناعی جاری کرنے کی تحریک انصاف کی استدعا مسترد کردی ہے۔جسٹس اعجازالاحسن کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے نئی حلقہ بندیوں کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے آبزرویشن دی کہ پہلے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو دیکھا جائے گا۔عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے کیس میں الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا بھی مسترد کی اور جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کی درخواست کو پہلے نمبر لگنے دیں،نمبر لگنے کے بعد نوٹس جاری کرنے کے معاملے کو دیکھا جائے گا۔