ایران، قومی سلامتی کیخلاف کام کرنے کے الزامات، ماہر تعلیم گرفتار

May 17, 2022

تہران(اے ایف پی)ایرانی پولیس نے ماہر تعلیم اور مصنف سعید مدنی کو ملک کی سلامتی کے خلاف کام کرنے اور بیرونی ریاستوں سے تعلقات رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کےمطابق ایرانی میڈیا کاکہناہےکہ ’’بیرونی ممالک کے ساتھ روابط رکھنے اور ملکی سلامتی کے خلاف اقدامات کرنے کے شبہے میں، سعید مدنی غفاروخی کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔تہران کی علامہ طباطبائی یونیورسٹی میں عمرانیات کے پروفیسر 61 سالہ مدنی نے ایران میں سماجی مسائل پر متعدد کتابیں شائع کی ہیں جن میں جسم فروشی، خواتین کے خلاف تشدد، بچوں سے زیادتی، غربت اور منشیات کی لت شامل ہیں۔مدنی کو ماضی میں کئی بار حراست میں لیا جا چکا ہے، خاص طور پر 2012 میں جب انہیں 6سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔