اسلام آباد( اسرار خان) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے منگل کو کہا ہے کہ گلگت بلتستان کےلیے ٹیکس فری سالانہ حد 4 ارب روپے مقررکردی گئی ہے۔ گلگت بلتستان (جی بی) کے لیے دی جانے والی ٹیکس فری درآمدات کے غلط استعمال کو روکنے اور پاکستان کے دیگر حصوں میں تاجروں اور کاروباروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے مضبوط حفاظتی اقدامات متعارف کرا دیے گئے ہیں۔ایف بی آر نے واضح کیا کہ سوست ڈرائی پورٹ کے ذریعے صرف گلگت بلتستان میں استعمال کے لیے درآمد کی جانے والی اشیا پر درآمد کے وقت سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس یا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی۔ یہ فیصلہ جی بی کی خصوصی آئینی حیثیت کی وجہ سے ہے کیونکہ وہاں کئی وفاقی ٹیکس قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔تاہم اس سہولت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے حکومت نے ٹیکس فری درآمدات کی سالانہ حد چار ارب روپے مقرر کی ہے۔