اعجاز اسلم پیٹرول پمپ پر کام کرنیوالی باہمت خاتون کے معترف

May 18, 2022

کراچی (این این آئی)اداکار اعجاز اسلم باہمت خاتون کو پیٹرول پمپ پر کام کرتا دیکھ کرتعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔پاکستان شوبز انڈسٹری کےمعروف اداکار اعجاز اسلم نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پیٹرول پمپ پر کام کرنے والی محنتی خاتون کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں پاکستانی خواتین کے لئے مثال قرار دے دیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اعجاز اسلم اپنی گاڑی میں خاتون سے فیول بھروانے کے بعد ویڈیو بناتے ہوئے ان کی تعریف کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ خاتون یہاں فیول فلنگ کر رہی ہیں، خاتون سے مخاطب ہوکر اداکار کا کہنا تھا کہ میں آپ کو اس طرح محنت سے کام کرتا دیکھ کر بہت خوش ہوں یہ بہت اچھی بات ہے ، خوش رہیں، آپ پاکستان کی دیگر خواتین کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔اعجاز اسلم نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ عوامی مقامات پر کام کرنے والی ان باہمت اور تعلیم یافتہ خواتین کو اپنے گھر کی آمدنی میں حصہ ڈالتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہوں، خوش رہیں اور یونہی دوسروں کی حوصلہ افزائی کرتی رہیں، خدا آپ کو سلامت رکھے۔یاد رہیکہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اورسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے بیحد پسند کیا جا رہا ہے۔