عدنان صدیقی کی سیاست میں شمولیت کی خبروں کی تردید

May 18, 2022

فائل فوٹو

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار و پروڈیوسر عدنان صدیقی نے سیاست میں شمولیت کی خبروں کی تردید کردی۔

لندن میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے عدنان صدیقی کی ملاقات کے بعد ایک نجی خبر رساں ادارے کی جانب سے یہ خبر جاری کی گئی تھی کہ اداکار نے مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

تاہم اب عدنان صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں ان تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔

عدنان صدیقی نے اپنے ٹوئٹ میں اُس خبر رساں ادارے کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کی۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’ایسی جعلی اور بے بنیاد خبروں کو شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔‘

واضح رہے کہ عدنان صدیقی نے لندن میں میڈیا کو ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’اُن کی نواز شریف کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی، وہ اپنی فلم ’دم مستم‘ کے حوالے سے یہاں آئے تھے، وہ لندن میں اپنی فلم کی پروموشن کر رہے ہیں، نواز شریف کو دعوت دینے آئے تھے کہ ہماری فلم آ کر دیکھیے، ہم نے بہت محنت کی ہے۔‘

عدنان صدیقی نے مزید بتایا تھا کہ ’ملاقات کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی سینما کے لیے بہت کچھ سوچ رہے ہیں، ملاقات کے دوران فلموں کی پالیسیز پر بھی بات چیت ہوئی۔‘