فلم ’دی آرچیز‘ کا ٹیزر ریلیز ہونے کے بعد اقربا پروری پر بحث شروع

May 19, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) ʼنیٹ فلکس انڈیا نےحال ہی میں فلم’ ʼدی آرچیز‘ کا ٹیزر ریلیز کیا ، جس کے بعد بولی وڈ فلم انڈسٹری میں ایک بار پھر اقرباپروری پر بحث چھڑ گئی ہے۔ کیوں کہ فلم میں کام کرنے والے تمام ہی اداکار نئے اور بولی وڈ کے مشہور فن کاروں کے بچےہیں۔ بھارتی فلم ساز زویا اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2023 میں ʼنیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔ ʼ’دی آرچیز‘مشہور امریکی کامک سیریز ʼآرچی کامکس ʼ کا بھارتی ورژن ہے جس کی کہانی 1960 کی دہائی کے نوجوانوں کےگرد گھومتی ہے۔فلم میں بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانہ خان، آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور اور امیتابھ بچن کے نواسے اور راج کپور کے پڑ نواسے اگستیہ نندا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ راج کپور کی بیٹی ریتو نندا کے بیٹے کی شادی امیتابھ بچن کی بیٹی سے ہوئی ہے۔ بگ بی کے نواسے اگستیہ نندا اپنے نانا، نانی جیا بچن، ماموں ابھیشیک بچن اور ممانی ایشوریا رائے کے بعد فلموں میں قدم رکھنے والے خاندان کے پانچویں فرد ہیں۔’دی آرچیز‘ کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی شاہ رخ خان نے اپنی بیٹی سہانہ خان کی بولی وڈ میں انٹری پر خوشی کا اظہار کیا جب کہ اداکارہ جھانوی کپور نے بھی اپنی چھوٹی بہن خوشی کپور کے فلمی دنیا میں قدم رکھنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جبکہ دوسری جانب اداکاروں کے بچوں کو فلم میں کاسٹ کرنے پر سخت تنقید بھی کی جا رہی ہے اور ٹوئٹر پر بولی وڈ میں اقرباپروری سے متعلق ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کرتے نظر آ رہے ہیں۔نیٹ فلکس نے ʼدی آرچیزکا بھارتی ورژن بنانے کے لیے زویا اختر کا انتخاب کیا۔ انہوں نے سات مرکزی کرداروں کے لیے زیادہ تر نئے اداکار چنے جن میں ڈاٹ، مہر اہوجا، ویدانگ رائنا، اور یوراج مینڈا بھی شامل ہیں۔لیکن سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فلم میں سہانہ خان، خوشی کپور اور اگستیہ نندا کو کاسٹ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ایک صارف نے فلم سازوں کو مشورہ دیا کہ وہ فلم میں سیف علی خان اور کرینہ کپور کےبیٹے تیمور علی خان کو بھی کاسٹ کرلیتے۔