خیرپور سے دھماکہ خیز مواد کراچی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

May 19, 2022

جنگ فوٹو

خیرپور پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے نیشنل ہائی وے پر کارروائی کرکے ایک کنٹینر کو ضبط کرکے اس کے خفیہ خانوں سے بارود برآمد کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ضبط کیا گیا بارودی مواد کنٹینر کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق کنٹینر ضبطگی کے بعد زیر حراست افراد کی جانب سے اسے تعمیراتی شعبے کے لیے لے جانے کا بیان دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر یہ بارود غیر قانونی طور پر فروخت کیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں اطلاع ملنے پر حساس اداروں نے خیرپور پولیس کے ہمراہ کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق غیر قانونی بارودی مواد کو تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ بارودی مواد پنجاب سے کراچی پہنچایا جانا تھا تاہم اس سلسلے میں ابتدائی تفتیش جاری ہے۔