عمران خان کے خط کا بیانیہ بھی ختم ہوگیا، مولانا فضل الرحمان

May 19, 2022

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خط کا بیانیہ بھی ختم ہوگیا، عمران خان کہتا ہے کیسٹ ریکارڈ کروائی ہے، آج کل کے دور میں کون کیسٹ ریکارڈ کرواتا ہے؟

کراچی میں تقدّس حرم نبویﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قاتلانہ حملوں سے تو ہم گزرے ہیں، ہم تین سو پولیس اہل کاروں کی سیکیورٹی لے کر نہیں کھڑے ہوئے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ملک میں ایک مخصوص لابی اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں تھی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری کاوشوں نے اس لابی کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے موقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پر تنقید کے وار کرتے ہوئے کہا کہ جب سازش اور خط کا بیانیہ ختم ہوگیا تو زندگی کو خطرے کا بیان دے دیا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں نے مسترد کیا ہے، انہیں کس بات کا شکوہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں معاشی اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، ہم عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔