کنگنا رناوت نے 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی لگژری کار خرید لی

May 21, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) اپنی فلم دھاکڑ کی ریلیز سے قبل بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک نئی لگژری کار خریدی ہے۔ کنگنا کی اس نئی کار کی قیمت 3 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔جمعرات کو ممبئی میں فلم دھاکڑ کے پریمیئر میں شرکت سے پہلے اداکارہ نے اس کار کی ٹیسٹ ڈرائیو لی اور اس پر ہی سوار ہوکر گھر گئیں۔ایک کار شو روم میں لی گئی کنگنا کی ویڈیوز اور تصاویر انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔ اس وائرل ویڈیوز میں اداکارہ اپنے خاندان کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔ اداکارہ نے خود کو مرسڈیز (Maybach S680) تحفے میں دی ہے، جس کی قیمت تقریبا 3 کروڑ روپے ہے۔ کنگنا اس ویڈیو میں اپنی اس نئی خوبصورت گاڑی کے ساتھ تصویر کھنچواتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔ ساتھ میں اس دوران ان کی فیملی کے ارکان بھی اداکارہ کی خوشی میں خوش ہوتے نظر آئے۔ اداکارہ کی فلم دھاکڑ کی بات کریں تو اس میں وہ ایک بھارتی خفیہ ایجینٹ اگنی کے کردار میں زبردست ایکشن کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔ یہ فلم سنیما گھروں میں ریلیز ہوگئی ہے۔ کنگنا کے علاوہ ارجن رامپال، دیویا دتہ اور ساسوت چیٹرجی بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔