اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مہم میں عمران خان ٹرمپ کے ساتھ تھا، مولانا فضل الرحمان

May 21, 2022

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مہم میں عمران خان ٹرمپ کے ساتھ تھا، عمران حکومت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازشیں کیں۔

پشاور میں تقدس حرم نبویﷺ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ٹرمپ نےجبراً اسرائیل کو تسلیم کروانے کے لیے کئی عرب ممالک کو آمادہ کیا، اس مہم میں عمران خان ٹرمپ کے ساتھ تھا، کراچی کی کانفرنس نے ان کی زبان بندی کی، جس کے بعد سے آج تک اسرائیل کو تسلیم کی بات کرنےکی جرات نہیں کرتے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ مسجد نبویﷺ میں بے حرمتی کے واقعے کے وقت پی ٹی آئی کے انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر کس نیت سے وہاں موجود تھے، برطانیہ میں پی ٹی آئی کا صدر ہنگامہ کروانے کے لیے مدینہ منورہ آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے اپنی شکل دیکھو پھر ریاست مدینہ کی بات کرو، مجھے گالی دیتے رہتے ہو برداشت کرتا ہوں، ناموس رسالتﷺ پر برداشت و تحمل کی حدیں ختم ہو جاتی ہیں۔

فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علما اسلام والے تمہیں پاکستان سے نکالیں گے، مانتا ہوں کہ واقعہ سعودی عرب میں ہوا، دل آزاری پاکستان اور پوری دنیا کی ہوگی۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ دل آزاری کرنے والا پاکستانی تھا، پاکستانی کی حیثیت سے میری دل آزاری ہوئی میں فریاد کہاں لے کر جاؤں۔