شیریں مزاری کے معاملے پر عدالتی نوٹس کی خوشی ہے، احسن اقبال

May 22, 2022

فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری کے معاملے پر عدالت کی جانب سے نوٹس لیے جانے کی خوشی ہے، جب عمران نیازی ہمیں بےگناہ گرفتار کر رہے تھے، کاش اس کا بھی کوئی نوٹس لیتا۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ الحمداللّٰہ آج عدلیہ آزاد ہے، ہر ادارے کو آزادی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی نے مریم نواز ہی نہیں پاکستان کی ہر بیٹی کی توہین کی ہے، عمران نیازی نے ثابت کیا ان کی شخصیت میں غیرت نام کی چیز نہیں، اس کی یہ زبان پوری قوم کے لیے باعث شرمندگی ہے، عمران احمد نیازی پوری قوم کی بیٹیوں سے معافی مانگیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ وہ ملک جس کے پاس ایٹمی طاقت ہو، غلام نہیں ہوسکتا، عمران نیازی ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ہماری حکومت ملک دشمن ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ 4 سال کا حساب عمران نیازی کو ہی دینا پڑے گا، عمران نیازی کی سوچ اور سیاست غلام ہیں۔