ایران سے مٹی کا طوفان بلوچستان میں داخل، چولستان میں غیرمعمولی ہیٹ ویو

May 23, 2022

فائل فوٹو

ایران سے گرد آلود مٹی کا طوفان بلوچستان میں داخل ہونے سے کئی شہروں میں ہائی ٹرانسمیشن لائن کی تاریں گرگئیں،بجلی معطل، چولستان میں 41 روز غیرمعمولی ہیٹ ویو رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کی لہر نے چولستان میں پودوں، آبی ذخائر اور مویشیوں کو متاثر کیا، 41 دن کی غیر معمولی ہیٹ ویو سے چولستان میں خشک سالی کا المیہ جنم لے سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چولستان میں 11 مارچ سے 19 اپریل تک درجہ حرارت معمول سے 5 سے11 ڈگری زیادہ رہا، 27 اپریل سے 2 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 3.8 سے 6.8 ڈگری زیادہ رہا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آبی بخارات کی منتقلی سےمٹی کی نمی، پانی کے وسائل اور پودوں کو شدید نقصان پہنچا،اس دوران گرمی کا شدید دباؤ، چرنے والے مویشیوں میں اموات کا سبب بنا۔