ایم ایس اے نے سمندر میں پھنسے 16 ماہی گیروں کو بچالیا

May 23, 2022

لانچ پر سوار 16 ماہی گیر ریسکیو کے بعد ایم ایس اے کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے، جنگ فوٹو (اسکرین گریب)

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (ایم ایس اے) کے عملے نے کراچی کے جنوب میں گہرے سمندر میں خراب ہونے والی لانچ اور اس پر سوار 16 ماہی گیروں کو ہنگامی آپریشن کے بعد بچا لیا۔

ترجمان ایم ایس اے کے مطابق مون سون کے موسم میں سمندر میں طغیانی اور تیز ہواؤں کے باعث ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ایسے میں پی ایم ایس اے کو 21-22 مئی کی درمیانی شب تقریباً 11:00 بجے، ماہی گیر کی ایک کشتی ’’سفینہ عدنان‘‘ کی خرابی کی اطلاع ملی۔

رجسٹریشن نمبر 19567-B کی حامل کشتی پر 16 افراد کا عملہ تھا، ناخدا کی طرف سے کشتی کے انجن کی خرابی اور کشتی میں ضرورت سے زیادہ پانی بھرنے کا بتایا گیا جس کی وجہ سے کشتی گھنٹوں میں ڈوب سکتی تھی۔

ترجمان کے مطابق سمندر میں طغیانی کے باوجود پی ایم ایس اے نے فوری طور پر اپنی فاسٹ ریسپانس بوٹ ایف آر بی کو ڈی فلڈنگ پمپس، کشتی کو کھینچنے کے انتظامات، جان بچانے اور ابتدائی طبی امداد کے آلات کے ساتھ کراچی کے جنوب میں رپورٹ شدہ پوزیشن کی طرف روانہ کیا۔

پی ایم ایس اے کی ٹیم نے اندھیری رات میں کشتی کو تلاش کیا اور کشتی سے پمپوں کی مدد سے پانی کو نکالنا شروع کیا۔ ماہی گیر کشتی کے عملے کو ابتدائی طبی امداد اور خوراک بھی فراہم کی گئی۔

صبح 4:45 پر پانی نکالنے کا عمل مکمل ہوگیا اور کشتی کے عملے کو انجن اسٹارٹ کرنے میں مدد فراہم کی گئی۔

پی ایم ایس اے کے عملے کی لگن اور حوصلے نے بالآخر 16 قیمتی جانوں کو بچا لیا اور ’’سفینہ عدنان‘‘ کو بحفاظت کورنگی فش ہاربر کراچی پہنچا دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پی ایم ایس اے ہمارے ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے اور یہ آپریشن اسی عزم کا مظہر تھا۔