عمران خان پنجاب کی حدود میں داخل ہوگئے

May 25, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب کی حدود میں داخل ہوگئے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ہم پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں اور ان شاء اللّٰہ اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ اس امپورٹڈ سرکار کی جانب سے جبر و فسطائیت کا کوئی بھی حربہ ہمیں ڈرا سکتا ہے نہ ہی ہمارے مارچ کا راستہ روک سکتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے راستے بند کردیے گئے جبکہ پارٹی کارکنان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

ادھر لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو گرفتار کیا تاہم کچھ دیر بعد رہا گردیا گیا، پی پی رہنما ندیم افضل چن کے بھائی سابق ایم پی اے وسیم افضل چن کو بھیرہ موٹر وے انٹرچینج پر گرفتار کرلیا گیا۔

سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو گرفتار نہیں کیا، دونوں خواتین خود پولیس کی گاڑی میں بیٹھی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو پولیس کی گاڑی سے اتار دیا گیا۔

پولیس یاسمین راشد اورعندلیب عباس کو رہا کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی۔

علی امین گنڈہ پور کی قیادت میں آزادی مارچ پنجاب میں داخل ہوگیا، کنڈل انٹر چینج پر رکھے گئے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے، پی ٹی آئی رہنما کارکنوں کیساتھ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔

فیض آباد کے مقام پر پولیس کی مزید نفری تعینات کردی گئی، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض اور ایس پی راول بابر جوئیہ بھی فیض آباد پہنچ گئے ہیں۔

راولپنڈی پولیس نے ہیوی مشینری بھی فیض آباد کے مقام پر طلب کر لی ہے، پولیس کی مزید گاڑیاں،قیدی وین اور واٹرکینن بھی فیض آباد پہنچا دی گئی ہے۔

حیدرآباد میں پی ٹی آئی رہنما خاوند بخش جہجو کی گرفتاری کے لیے ٹنڈو جام میں جہجو ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا تاہم گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

پولیس کے مطابق خاوند بخش جہجو کی گرفتاری کے لیے نفری نے جہجو ہاؤس کی تلاشی لی۔

کوتوالی تھانے میں 90 کے قریب پی ٹی آئی کارکنوں کےخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما جمال ناصر چیمہ کو گرفتار کرلیا گیا، ان کے بھائی بلال ناصر چیمہ نے گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

بلال ناصر چیمہ کے مطابق جمال ناصر چیمہ کو قافلے کے ساتھ اسلام آباد جاتے ہوئے ہوئے ہیڈ قادر آباد سے گرفتار کیا گیا۔