دنانیر کو نجی یونیورسٹی کے میڈیا فیسٹیول میں مدعو کرنے پر صارفین کی تنقید

May 26, 2022

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کی ایک نجی یونیورسٹی کی جانب سے میڈیا فیسٹیول میں ’پاوری گرل‘ دنانیر مبین کو مدعو کیے جانے پر شائقین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کو بلانے سے تعلیمی اداروں کے معیار پر بھی انگلی اٹھتی ہے۔دنانیر مبین اس وقت اچانک دنیا بھر میں مشہور ہوئی تھیں جب کہ6فروری 2021 کو ان کی ایک مختصر انسٹاگرام ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔مختصر ویڈیو میں دنانیر انگریزی انداز میں اردو بولتے ہوئی دکھائی دی تھیں۔مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راتوں رات اسٹار بن جانے والی دنانیر مبین نے اگرچہ بعد ازاں ماڈلنگ اور اداکاری میں بھی انٹری دی اور اسی وجہ سے یونیورسٹی نے اپنے میڈیا فیسٹیول میں بھی انہیں مدعو کیا مگر لوگوں کی ان کی وہاں موجودگی اچھی نہیں لگی۔ انتظامیہ نے دنانیر مبین کو ’زیب میڈیا فیسٹیول‘ میں ’دی انسٹنٹ ریوولیوشن‘ نامی پروگرام میں گفتگو کے لیے مدعو کیا تھا۔انتظامیہ نے ان کے ہمراہ متعدد شوبز شخصیات، اداکاراؤں، ماڈلز اور سوشل میڈیا اسٹارز کو بھی بلایا تھا مگر شائقین نے دیگر کے بجائے دنانیر مبین کی شرکت پر اعتراض کیا۔سوشل میڈیا پر لوگوں نے جہاں یونیورسٹی انتظامیہ پر تنقید کی، وہیں دنانیر مبین کی تعلیمی ادارے کے پروگرام میں شرکت پر ادارے کی تعلیمی ساکھ پر بھی سوال اٹھایا اور ساتھ ہی لوگوں نے ’پاوری گرل‘ پر ہلکے پھلکے انداز میں تنقید بھی کی۔تاہم پوڈکاسٹ شو شہزاد غیاث شیخ نے دنانیر کی حمایت کی اور ان پر تنقید کرنے والے لوگوں کے لیے لکھا کہ یہ فیصلہ کرنے والے ہم لوگ کون ہوتے ہیں کہ کون فنکار ہے یا نہیں؟انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم لوگ ٹرولنگ کو عام کرتے جا رہے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اگر کوئی نو عمر لڑکی خود کو فنکار سمجھ کر ٹک ٹاک ویڈیوز بناتی ہے تو اس میں ہمارا کیا نقصان ہے؟ ہم کیوں انہیں غلط سمجھتے ہیں۔