اداکاروں کی لانگ مارچ کے شرکاء سے پانی ساتھ لانے کی درخواست

May 26, 2022

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے کارکنوںاور پولیس اہلکاروں میں تصادم کے باعث صورتحال کشیدگی اختیار کرگئی۔ حکومت کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا تاکہ مظاہرین کو دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکا جائے۔عام لوگوں کی طرح شوبز سے منسلک شخصیات بھی ٹوئٹر پر ملک کی سیاسی صورتحال پر تبصرے کرتے ہوئے نظر آ ئی۔ اداکارہ مریم نفیس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے فالورز سے درخواست کی کہ ’آپ سب عمران خان کے ساتھ اس لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں خاندان کے مردوں سے درخواست کروں گی کہ وہ اپنی خواتین کے ساتھ مارچ میں جائیں۔مریم نفیس نے کہا کہ انہیں ڈر ہے کہ خواتین مظاہرین کو مارچ کے دوران ہراساں کیا جا سکتا ہے۔وفاقی دارالحکومت کے موسم کے پیش نظرمریم نفیس نے اپنے مداحوں اورفالوورز سے گزارش کی کہ اسلام آباد کے رہائشی مارچ میں شرکت کے لیے دیگرشہروں سے آنے والے افراد کے لیے پانی ضرور لے کرآئیں کیونکہ گرمی بہت ہے۔اداکار ہارون شاہد نے لانگ مارچ میں شرکت کرنے والوں کو ہدایت کی کہ اپنے ساتھ پانی، نمک اور کپڑے ساتھ رکھیں تاکہ آنسو گیس شیلنگ سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید لکھا کہ ’احتجاج میں بچوں کو ساتھ لے کر نہ جائیں۔‘