عام انتخابات 2023، اخراجات کی تفصیل قومی اسمبلی میں پیش

May 26, 2022

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2023 کی تیاریوں کا آغاز کر دیا، وزارت پارلیمانی امور نے اخراجات کی تفصیل قومی اسمبلی میں پیش کر دی۔

وزارت پارلیمانی امور کے تحریری جواب کےمطابق عام انتخابات 2023 میں 47ارب 41 کروڑ 73لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

اس حوالے سے وزارت پارلیمانی امورکا مزید کہنا ہے کہ ٹریننگ ونگ کے لیے 1 ارب 79 کروڑ اور 90 لاکھ روپے خرچ ہوں گے جبکہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے لیے 4 ارب 83 کروڑ 55 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

تحریری جواب میں وزارت پارلیمانی امور نے کہا کہ انتخابی فہرستوں پر 27 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ ہوں گے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ پر 5 ارب 60 کروڑ 6 لاکھ روپےخرچ ہوں گے۔

وزارت پارلیمانی امور کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات کیلئے آرمی کی خدمات اور سیکیورٹی پر 15ارب روپےخرچ ہوں گے۔