ایٹمی دھماکوں کے وقت نوازشریف نے کسی کو دھمکیاں نہیں دی تھیں، شہباز شریف

May 28, 2022


وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہایٹمی دھماکوں کے وقت نواز شریف نے کسی کو دھمکیاں نہیں دی تھیں اور نہ ہی بڑے ممالک کے سربراہوں سے تلخ لہجے میں بات کی تھی۔

لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہامریکی صدر سے نواز شریف نے بڑے اچھے انداز میں بات کی تھی، انہوں نے کہا تھا آپ کے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کا بہت شکریہ۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا ان شا اللّٰہ ہم زندہ رہیں گے، انہوں نے یہ بھی کہا تھا مجھے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔

’پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ریلیف پیکج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی میں پسے ہوئے ہیں، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ غریب خاندان رو رہے ہیں، غریبوں کے پاس دوائی اور علاج کرانے کے پیسے نہیں ہیں، مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور بیروزگاری بھی ہے۔