سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے معاوضے میں 10 فیصد اضافہ

June 24, 2022

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کے 69ویں اجلاس میں مالی سال 23-2022 کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

بحٹ کا 78 فیصد حصہ کرکٹ پر خرچ کیا جائے گا، ریڈ اور وائٹ بال کے الگ الگ کنٹریکٹس کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 33 کردی گئی ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے وظیفے میں 10 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ نان پلیئنگ پلیئرز کی میچ فیس میں 50 سے 70 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کے لیے خصوصی الاؤنس بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

ویمنز کرکٹر کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہر کیٹیگری کے وظیفے میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ویمن کرکٹرز کا پُول 20 سے بڑھا کر 25 کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ بورڈ آف گورنرز نے پاکستان کرکٹ فاؤنڈیشن قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

فاؤنڈیشن ریٹائرڈ کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کی دیکھ بھال کرے گی، ابتدائی طور پر اس فاؤنڈیشن کو 10 کروڑ روپے عطیہ دیا جائے گا۔

اجلاس میں لاہور، کراچی اور ملتان میں کھلاڑیوں کی رہائش کے لیے اضافی کمرے بنانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

بورڈ آف گورنرز نے پہلی مرتبہ پاکستان میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مکمل انعقاد پر پی سی بی کو مبارکباد پیش کی۔

لیگ کے میڈیا اور اسپانسرشپ ریونیوز میں81 فیصد اضافے کو بھی سراہا ہے۔