کراچی: لیاری میں گیس لیکیج سے آگ لگ گئی، 9 افراد جھلس کر زخمی

June 27, 2022

—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے لیاری، چاکیواڑہ میں گیس لائن سے لیکیج کے باعث آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جن کی زد میں آ کر 9 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق چاکیواڑہ میں مرزا آدم خان روڈ پر گیس کی لائن میں لیکیج کے باعث آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ کے بلند شعلوں کی زد میں آ کر 9 افراد زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ کو آگ بجھانے کے لیے اطلاع دی گئی جبکہ سوئی سدرن گیس کا عملہ اطلاع ملنے کے باوجود تاخیر سے پہنچا جس نے پہنچنے کے بعد گیس کنکشن کو منقطع کر دیا۔