الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم بن گیا: فیاض چوہان

June 27, 2022

فیاض الحسن چوہان —فائل فوٹو

پاکستان تحریکِانصاف کے چیئرمین، سابق وزیرِاعظم عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم بن کر کام کر رہا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِانصاف کے چیئرمین، سابق وزیرِاعظم عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کی حکومت بچانے کے لیے 5 حلقوں پر غیر قانونی مؤقف اپنایا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ہمارے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے، ہمارے 5 ایم پی ایز کو آلِ شریف کی ایماء پر روکا گیا تھا۔

فیاض چوہان نے کہا کہ سندھ میں الیکشن کے قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں، پریکٹیکل ووٹنگ لسٹ اور جبکہ الیکشن کمیشن کی لسٹ اور تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی قدر کھو رہا ہے اور آنے والے انتخابات میں اپنے اوپر سوالات پیدا کر رہا ہے، آڈیو ویڈیو لیکس والی کہانیاں اب دم توڑ گئی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو ایک ووٹ کی برتری حاصل ہے، ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہو رہی ہے، پنجاب میں امیدوار گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔