دنیا کا بدصورت ترین کتّا کون ہے؟

June 28, 2022

یہ مقابلہ دو سال کے وقفے کے بعد منعقد کیا گیا جس میں 17 کتّوں نے حصہ لیا

امریکی ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والےکتّے’مسٹر ہیپی فیس‘ نے دنیا کے سب سے بدصورت ترین کتّے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں منعقد ہونے والے سالانہ مقابلے’ورلڈ اگلیئسٹ ڈاگ‘ میں مختلف نسل اور سائز کے کتوں نے حصّہ لیا۔

اس مقابلے کو ٹیومر اور اعصابی مسائل میں مبتلا امریکی کتّے’مسٹر ہیپی فیس‘ نے جیت کر پندرہ سو ڈالر اور نیویارک کا ٹکٹ اپنے اور اپنے مالک کے نام کرلیا۔

مقابلے کے فاتح کے حوالے سے’ورلڈ اگلیئسٹ ڈاگ‘ مقابلے کی آفیشل ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ’اس کتّے کو گذشتہ برس 41 سالہ امریکی میوزیشن جینیڈا بینالی نے ریسکیو کیا، اس سے قبل یہ ایک ایسے انسان کے پاس تھا جو اسے نظر انداز کرتا اوربرا بھلا کہتا تھا‘۔

جبکہ امریکی میوزیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ’محبت ، رحمدلی اور ممتا نے اس کے دن پھیر دیئے، اب وہ خوشی خوشی ان کے خاندان کے ساتھ رہتا ہے۔ وہ اسے اپنے بچوں کی طرح پالتی ہیں ۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہیپی فیس جب خوش ہوتا ہے تو عجیب و غریب آوازیں نکالتا ہے ، نیند میں خراٹے لینا تو اس کی عادت میں شامل ہے۔

کتّے کی صحت کے حوالےسے جینیڈا بینالی کی جانب سے دی گئی معلومات کی ویٹرنیری ڈاکٹر نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کی صحت انتہائی خراب تھی اور وہ چند ہفتوں سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکتا تھا۔

یہ مقابلہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے لیکن اس سالعالمی وبا کورونا وائرس کے باعث یہ مقابلہ دو سال کے وقفے کے بعد منعقد کیا گیا جس میں 17 کتّوں نے حصہ لیا۔

مقابلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اس مقابلے میں ہر نسل اور سائز کے کتوں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

اس مقابلے کا مقصد ہے کہ نا مکمل یا کسی بھی عیب کا شکار کتے بھی کسی سے کم نہیں بلکہ یہ بھی خاص اور بہت منفرد ہیں ۔