پہلی پاکستانی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ انٹرنیشنل فیسٹیول کیلئے منتخب

June 30, 2022

کراچی (این این آئی) پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم دی گلاس ورکر کو اینیسی انٹرنیشنل فیسٹیول 2022میں ورک ان پروگریس کی کیٹیگری میں منتخب کرلیا گیا ہے۔مانو اینیمیشن اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی فلم دی گلاس ورکر کو عثمان ریاض نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ عثمان ریاض نے اپنے سوشل میڈیا پر اس فلم کا ٹریلر بھی شیئر کیا ہے، جسے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔غیبلی اسٹوڈیو سے متاثر ہوکر بنائی گئی اینی میٹڈ فلم کے اس سے قبل ریلیز کیے گئے ایک پرومو میں، ایک نوجوان ونسنٹ اور اس کے والد ٹامس کی اصل کہانی بیان کی گئی ہے، جوکہ ملک میں شیشے کی بہترین ورکشاپ چلاتے ہیں اور اپنی زندگی کو آنے والی جنگ میں مبتلا پاتے ہیں، جس میں خود بالکل بھی حصہ نہیں لینا چاہتے۔ ایک فوجی کرنل اور اس کی نوجوان، باصلاحیت وائلنسٹ بیٹی، ایلیز کی قصبے میں آمد ان دونوں باپ بیٹے کے رشتے کی حقیقت کو ہلا کر رکھ دیتی ہے اور باپ اور بیٹے کے رشتے کو سخت امتحان میں ڈال دیتی ہے۔مانو اینیمیشن اسٹوڈیوز کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ پروجیکٹ دراصل بہت سے باصلاحیت افراد کی محنت کا نتیجہ ہے۔ فلم دی گلاس ورکرکو بنانے میں نوجوان اور باصلاحیت فنکار شامل ہیں جن کی اوسط عمر 27سال ہے اور اس فلم کی ٹیم کا 52 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔فلم مکمل ہونے کے بعد اگلے سال 2023 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔