امریکی گلوکار آر کیلی کو جنسی زیادتی کیس میں 30 سال قید کی سزا

June 30, 2022

فائل فوٹو

معروفامریکی گلوکار آر کیلی کو خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے الزام میں 30 سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 55 سالہ گلوکار آر کیلی کو گزشتہ برس بچوں اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر مجرم قرار دیا گیا تھا۔

نیویارک کی جیوری کی طرف سے سزا سنائے جانے کے تقریباً ایک سال بعد بروکلین کی وفاقی عدالت میں گلوکار کو 30 سال قید کی سزا سنائی۔

گلوکار کے وکیل رابرٹ سلویسٹر کا کہنا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

استغاثہ نے عدالت پر زور دیا تھا کہ گلوکار کو کم از کم 25 سال کے لیے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے کیونکہ وہ اب بھی عوام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

دوسری جانب آر کیلی کے وکلاء نے زیادہ سے زیادہ 17 سال کی سزا کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ گلوکار آر کیلی امریکا کی مختلف ریاستوں میں خواتین کی اسمگلنگ، اغواء اورچائلڈ پورنوگرافی میں مجرم ثابت ہوئے تھے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابقگلوکار آر کیلی کے کانسرٹ میں شرکت کرنے والی نوجوان لڑکیوں کو گلوکار کے پاس لے جایا جاتا تھا، پھر وہ اُن سے زیادتی کی ویڈیوز بناکر اُنہیں بلیک میل کرتے تھے۔