ندا یاسر شو کے دوران والدہ کو یاد کرکے رو پڑیں

July 01, 2022

ندا یاسر، فائل فوٹو

معروف پاکستانی اداکار و میزبان ندا یاسر شو کے دوران اپنی والدہ کو یاد کرکے رو پڑیں۔

مختلف سوشل میڈیا پیجز پر ندا یاسر کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہیں اپنی والدہ کے انتقال کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ ’میں اتنی بدنصیب ہوں کہ جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو اس وقت میں اپنی والدہ کے پاس نہیں تھی‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنی والدہ کی خیریت دریافت کرنے کے بعد اُنہیں یہ بتاکر مالدیپ گئی تھی کہ کورونا وائرس کے بعد اب بچوں کو چھٹیاں ملی ہیں تو میں اُنہیں ساتھ لے کر ملک سے باہر جا رہی ہوں‘۔

ندا یاسر نے بتایا کہ ’میری والدہ نے مجھ سے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں لیکن جب میں مالدیپ پہنچی صرف ایک دن ہی گزرا تھا کہ مجھے یہ خبر ملی کہ والدہ کا انتقال ہوگیا ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’جس صبح کو مجھے یہ پتا چلا تو وہ پورا دن میں نے صرف یہ دعائیں مانگتے ہوئے گزارا کہ کسی طرح میں اپنی امّی کے پاس پہنچ جاؤں لیکن میں نہیں پہنچ سکی‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میں اپنی امّی کے آخری وقت میں ان کے پاس نہیں پہنچ سکی یہ بات مجھے ساری زندگی سوئی کی طرح چُبھتی رہے گی‘۔

ندا یاسر نے کہا کہ ’اس بارے میں میری بہنیں مجھے سمجھاتی رہتی ہیں کہ دیکھو تم وہ سب برداشت نہیں کرسکتی تھیں، ماں کا آخری وقت دیکھنا بہت تکلیف دہ ہوتا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میری بہنیں امّی کا آخری وقت یاد کرتی ہیں تو ان کی آنکھوں سے زار و قطار آنسو بہنے لگتے ہیں اور میری بد نصیبی ہے کہ میں تو ایسا کچھ یاد بھی نہیں کرسکتی‘۔