شاہ محمود قریشی کے بیٹے کے انتخابی پوسٹر پر سدھو موسے والا کی تصویر شائع

July 02, 2022

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک )ملتان میں شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جس کی انتخابی مہم بھر پور طریقے سے چلائی جارہی ہے ایسی صورتحال میں ایک نامعلوم شخص نے سدھو موسے والا سے اپنی محبت کا اظہار انوکھے انداز میں کرتے ہوئے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں قتل ہونے والے بھارتی پنجاب گلوکار سدھو موسے والا کی تصویر ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں لگائے گئے بینر میں آویزاں کر دی گئی ، سدھو موسے والا کی تصویر پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ملتان کے حلقے پی پی 217 سے پی ٹی آئی کے امیدوار اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کے پوسٹر پر شائع ہوگئی۔ زین قریشی کے بینر کی تصویر سوشل میڈیا پر آئی جہاں وہ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے ، پی ٹی آئی کے ملتان کے حلقے پی پی 217سے امیدوار زین قریشی کی الیکشن مہم کا ہے جس میں زین قریشی کے ساتھ پوسٹر پر سدھو موسے والا کے سپر ہٹ گانے ’295‘ کا حوالہ دیتے ہوئے گلوکار کی تصویر بھی شائع کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پوسٹر پر زین قریشی کی تصویر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے چند عہدیداروں کے نام اور تصویریں شائع ہیں۔ایک پوسٹر میں ایک اور دلچسپ چیز یہ ہے کہ سدھو موسے والا کے ساتھ ایک نوجوان لڑکے کی تصویر بھی ہے جس نے چہرے پر مونچھیں سجائی ہوئی ہیں اور تصویر کے ساتھ 324لکھا ہواہے جو کہ پاکستان کے قانون میں اقدام قتل کی دفعہ ہے۔پوسٹر پر اپنے ساتھ سدھو موسے والا کی تصویر وائرل ہونے پر برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے لاعلمی کا اظہار کیا۔لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جس نے بھی سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ اس تصویر کی وجہ سے پوسٹر بہت زیادہ وائرل ہوگیا تاہم اس سے پہلے ہمارا کوئی پوسٹر اتنا وائرل نہیں ہوا۔زین قریشی کا کہنا تھا کہ وہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کس نے سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی اور اس کے پیچھے کی وجہ کیا ہے۔