ارجن کپور کارتھک آریان کے معترف، بالی ووڈ کا ’نجات دہندہ‘ قرار دے دیا

July 02, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

بالی ووڈ اسٹارز نے دلچسپ مکالمے کے دوران ایک دوسرے کی تعریف کی اور ساتھ میں فلم نگری کا نجات دہندہ بھی ڈھونڈ لیا۔

حال ہی میں اپنی فلم ’بھول بھلیاں 2‘ کی کامیابی کا مزہ چھکنے والے اداکار کارتک آریان نے ارجن کپور کی آنے والی فلم ’ایک ولن ریٹرنز‘ کا ٹریلر شیئر کیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اس پوسٹ میں کارتک نے تحریر کیا کہ اس فلم کا ٹریلر بہت ہی شاندار ہے۔

ساتھ میں انہوں نے فلم کی کاسٹ کو ٹیگ کیا جس میں ارجن کپور بھی شامل ہیں، جبکہ فلم ساز موہت سوری کو ٹیگ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’آپ کی دنیا ہمیشہ سے لاجواب رہی ہے۔‘

اس پوسٹ پر اداکار ارجن کپور نے کارتک کو مخاطب کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’بالی ووڈ کے نجات دہندہ بھی بولے۔‘

اس کے جواب میں کارتک نے اپنے کام کو اپنی ذمہ داری قرار دیا اور لکھا کہ وہ کام سے فلم انڈسٹری کو آگے لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔