مصر: بحیرہ احمر میں شارک کا حملہ، 2 خواتین ہلاک

July 04, 2022

ساحل حشیش کا ایک منظر جہاں شارک کے حملے میں دو خواتین ہلاک ہوگئیں۔

مصر کے بحیرہ احمر میں شارک کے حملے میں 2 خواتین ہلاک ہوگئیں، مصر کی وزارت ماحولیات نے خواتین کی موت کی تصدیق کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریا کی 68 سالہ خاتون سیاح اور رومانیہ کی ادھیڑ عمر خاتون سیاح شارک کے حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

’’ساحل حشیش‘‘ نامی ساحل میں دونوں خواتین پر جان لیوا حملے 600 میٹر کے فاصلے پر ہوئے۔

وزارت ماحولیات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملوں کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

گورنر میجر جنرل امر حنفی نے بحیرہ احمر کے ارد گرد تمام سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

شارک کے حملے سے متاثرہ آسٹرین خاتون کو نجی اسپتال لا کر طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پاگئیں۔