فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی نمائش 27 سال بعد بھی جاری

July 05, 2022

ممبئی(پی پی آئی)بولی وڈ کی سدابہار فلموں میں شمار شاہ رخ اور کاجول کی بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی 27 سال بعد بھی ممبئی کے مراٹھا مندر سنیما ہالوں میں نمائش جاری، 1995 کی اس فلم کوڈی ڈی ایل جے بھی کہا جاتا ہے۔ ‘‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے’’ شاہ رخ اور کاجول کی ایسی لازوال لو سٹوری جو دیکھنے والوں کے دلوں میں ایسے گھر کر گئی کہ لوگ آج بھی پہلے شو کی طرح دیکھنے جاتے ہیں. اس فلم کے گانے آج بھی مشہور ہیں اور میوزک ویب سائٹ کے ٹاپ چارٹ میں نظر آتے ہیں۔ فلم کی کہانی اور میوزک اس قدر دلچسپ ہے کہ انسان بار بار سننے اور دیکھنے میں مجبور ہو جائے۔۔ اس فلم کی پہلی ریلیز 19 اکتوبر 1995 کو ہوئی اور 20 اکتوبر 1995 کو پورے بھارت میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ فلم نے بھارت میں 58 کروڑ روپے جبکہ بیرون ملک 17.5 کروڑ روپے کمائے۔ اسے بیرون ملک ہندی سنیما کی کامیاب فلموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔اس فلم نے کسی بھی سنیما ہال میں سب سے لمبے عرصے تک چلنے کا ریکارڈ قائم کیا، مارچ 2009 میں اس نے ممبئی کے مراٹھا مندر میں 700 ہفتوں کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ شولے کے پاس تھا، جو ایک ہی تھیٹر میں تقریبا پانچ سال تک جلتی رہی۔ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے اب بھی ممبئی کے مراٹھا مندر سنیما ہالوں میں دکھائی جا رہی ہے۔