فلم خدا حافظ 2 کے گانے پر اعتراض کے بعد میکرز کی مسلم برادری سے معافی

July 06, 2022

ممبئی مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ اسٹار ودیوت جموال کی آنے والی فلم خدا حافظ 2 ریلیز سے قبل ہی تنازعات میں گھرگئی ہے۔ دراصل مسلم کمیونٹی کی جانب سے فلم کے گانے حق حسین پر اعتراضات ظاہر کیے گئے۔ جس کی وجہ سے خدا حافظ 2 کے لیے ایک نئی مصیبت سامنے آ گئی ہے۔ ایسے میں فلم سازوں کو اس گانے پر معافی مانگنی پڑ رہی ہے۔ ودیوت جاموال اسٹارر خدا حافظ چیپٹر 2 اگنی پریکشا کے میکرز نے ایک بیان جاری کرکے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کیلئے معافی مانگی ہے ۔ فلم میکرز نے مسلم برادری سے معافی مانگی ہے۔ فلم کے حال ہی میں ریلیز ہونے والے گانے’حق حسین‘ پر مسلم برادری کے ایک فرقے کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا گیاتھا۔ فلسازوں نے معافی مانگتے ہوئے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ کس طرح کچھ لوگوں نے’حق حسین‘ گانے پر اعتراض کیا تھا۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔فلمسازوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم’خدا حافظ چیپٹر 2 اگنی پرکشا‘ کے میکرزمسلم برادری کے کچھ افراد کی طرف سے ظاہر کئے گئے تحفظات کا نوٹس لیتے ہیں اور اس کیلئے ایمانداری سے معافی مانگتے ہیں کہ’حق حسین‘ گانے کے بول نے نادانستہ طور پر ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ۔ کمیونٹی کے کچھ لوگوں نے لفظ’حسین‘ اور زنجیر کے استعمال پر اعتراض کیا تھا ۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ تمام لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے گانے کے بول’حق حسین‘ سے بدل کر’جنون ہے‘ کردئے گئے ہیں ۔ بیان میں اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے فلم میں مسلم برادری کے فرقے کو منفی انداز میں نہیں دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یکطرفہ طور پر گانے کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔