دلیپ کمار کی برسی سے قبل سائرہ بانو کا دل شکستہ نوٹ

July 06, 2022

فوٹو: فائل

بھارت کے لیجنڈری اداکار مرحوم دلیپ کمار (یوسف خان) کی بیوہ سائرہ بانو نے شوہر کی پہلی برسی کی مناسبت سے ایک نوٹ تحریر کیا ہے اور اپنے جینے کی وجہ اپنی یادوں کو قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار طویل علالت کے بعد 7 جولائی 2021 کو ممبئی میں انتقال کر گئے تھے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ سائرہ بانو کو چھوڑا۔

سائرہ بانو بھی بالی ووڈ کے سنہرے دور کی اداکارہ ہیں۔ ان کی اور دلیپ کمار کی 1966 میں شادی ہوئی۔ شادی سے قبل دونوں نے کئی ہٹ فلموں میں کام کیا تھا۔

تاہم اب دلیپ کمار کی برسی سے ایک روز قبل بھارتی میڈیا کو لکھے گئے اپنے نوٹ میں سائرہ بانو نے تحریر کیا کہ جب بھی وہ نیند سے بیدار ہوتی ہیں تو دوبارہ اپنا چہرہ تکیے میں رکھ کر اس خیال سے آنکھیں بند کرلیتی ہیں کہ اگر دوبارہ آنکھیں کھولیں تو ان کے سامنے ان کے مرحوم شوہر موجود ہوں۔

انہوں نے تحریر کیا کہ "میں اس بات کا اعتراف کروں گی کہ میں اپنے آپ کو بہت ہی خوش قسمت خاتون سمجھتی ہوں کیونکہ میرا یوسف 56 سال تک میرے پاس رہا۔"

سائرہ بانو نے اس نوٹ میں بتایا کہ دنیا یہ بات جانتی ہے کہ میں یوسف کی محبت میں 12 سال کی عمر میں گرفتار ہوئی تھی اور میں اسی خواب کے ساتھ بڑی ہوئی کہ یہ وہ واحد مرد ہیں جو میرے لیے سب سے بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ خواب حقیقت کو پہنچا تو مجھے معلوم تھا کہ میں اکیلی ان کی مداح نہیں ہوں بلکہ خواتین کی ایک لمبی قطار تھی جو بیگم دلیپ کمار بننے کی امید میں تھیں۔

سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ وہ جب بھی اپنے مرحوم شوہر کی تصویر دیکھتیں یا پھر کوئی بھی ان کا ذکر کرے تو وہ اپنے آنسو نہیں روک پاتیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی ایسا دن نہیں جس میں دلیپ ان کی آنکھوں میں موجود نہ ہوں۔

سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دلیپ کمار کی فلم دیکھے یا ان کے گیت سنے یا پھر ان کا ذکر کرے تو وہ ان افراد کے ساتھ نہیں بیٹھتیں کیوں کہ وہ اپنے آنسو نہیں روک پاتیں۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار کے انتقال کے بعد ان کی بیوہ سائرہ بانو کی طبیعت میں بھی زیادہ بہتری نظر نہیں آئی۔ شوہر کے انتقال کے کچھ ماہ میں ہی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، تاہم اس وقت وہ بہتر ہیں اور گھر پر موجود ہیں۔