• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدھو بالا اور دلیپ کمار کو ایک عدالتی کیس نے الگ کردیا، بہن مدھور بھوشن

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فلم انڈسٹری کے شہنشاہ دلیپ کمار اور مدھوبالا کی شادی نہ ہونے کے حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھوبالا کی چھوٹی بہن مدھور بھوشن نےاپنےحالیہ انٹرویو میں انکشاف کیاہے کہ مدھوبالا اور دلیپ کمار شادی کے بہت قریب تھے لیکن ایک عدالتی کیس نے انہیں الگ کردیا۔مدھور بھوشن نے کہا کہ دلیپ کمار اور فلم ڈائریکٹر بی آر چوپڑا نے فلم’ نیو ایرا‘ کی شوٹنگ کے لیے مدھوبالا کو شہر سے باہر جانے کی اجازت نہ دینے پر ان کے والد عطا اللہ پر مقدمہ دائر کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران مدھوبالا نے دلیپ کمار سے اپنا رشتہ بچانے کے لیے اپنے والد سے معافی مانگنے کی درخواست کی اور کہا کہ ہماری زندگی برباد ہو جائے گی۔مدھوبالا کی بہن کا یہ بھی کہنا تھا کہ دلیپ کمار نے عدالتی کیس کی وجہ سے اداکارہ کے والد سے معافی مانگنے سے انکار کردیا اور اس طرح یہ رشتہ ہمیشہ کے لیے ٹوٹ گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر مقدمہ درج نہ ہوتا تو مدھوبالا اور دلیپ کمار کی شادی ہو چکی ہوتی۔ اس نے رشتہ بچانے کے لیے دلیپ کمار کو اپنے والد سے معافی مانگنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے انکار کر دیا۔مدھور بھوشن نے یہ بھی کہا کہ مدھوبالا نے روتے ہوئے دلیپ کمار سے کہا تھا کہ ہماری زندگی برباد ہو جائے گی، جس پر اداکار نے پوچھا کہ آپ اتنی ضد کیوں کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دراصل مدھوبالا چاہتی تھی کہ اس وقت کا میڈیا یہ نہ کہے کہ دلیپ کمار نے بیٹی کو ایک باپ سے چھین لیا ہے یا باپ کی وجہ سے اس کا پیار چھوڑ دیا ہے۔مدھور بھوشن کا کہنا تھا کہ اس کے بعد مدھوبالا نے گلوکار کشور کمار سے شادی کی، پھر وہ دونوں بیماری کے علاج کے لیے لندن چلے گئے، 9 سال بعد مدھوبالا کا انتقال ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ دلیپ کمار نے اس دوران اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی اور دونوں فلم انڈسٹری کی مشہور جوڑی بن گئے۔خیال رہے کہ دلیپ کمار گزشتہ سال اپنی اہلیہ سائرہ بانو کو چھوڑ کر انتقال کر گئے تھے۔

دل لگی سے مزید