بہ یک وقت توانائی، بایوماس، آکسیجن بنانے اور کاربن جذب کرنے والا پینل

July 25, 2022

دنیا بھر میں ماحول دوست چیزیں تیار کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ اسی تناظر میں میکسکو کی اسٹارٹ اپ کمپنی نے الجی پر مشتمل ایسے پینل بنائے ہیں جو بہ یک وقت میں توانائی بناتے ہیں، آکسیجن پیدا کرتے ہیں ، حیاتیاتی مادّے (بایوماس) کی تشکیل کرتے ہیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں۔

یہ نظام ’’گرین فلوئڈ کس ‘‘نامی کمپنی نے بنایا ہے اور اسے ’’بایو ری ایکٹر ‘‘ کانام دیا گیا ہے۔ یہ نیا پینل رنگ دار شیشوں سے بنا ہے، جس کے اندر الجی اور سبزہ بھرا گیا ہے۔ یہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے اور اسے پانی تک پہنچا کر مخصوص الجی تک پہنچاتا ہے۔ الجی دھوپ کی موجودگی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتی ہے اور ضیائی تالیف (فوٹوسنتھے سز) کا عمل انجام دیتی ہے۔

اس سے آکسیجن بنتی ہے۔ سورج کی روشنی جتنی زیادہ بڑھے گی آکسیجن اتنی ہی بنے گی اور بایوماس بھی اسی تناسب سے بننے لگے گا۔ پینل میں ایک پونڈ الجی سے دو پونڈ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کی جاسکتی ہے۔ اس کے اندر موجود پانی حرارت جذب کرسکتے ہیں اور یوں عمارت یا گھر میں ایئر کنڈیشنڈ نظام کی ضرورت کم ہوجاتی ہے۔

اس حرارت کو بایوماس بڑھانے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، پھر اس بایوماس کو جلانے والے ایندھن میں استعمال کیا جاسکتا ہے، تاہم اگلے چند برس میں اسے تجارتی پیمانے پر فروخت کیا جائے گا۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ تھوڑی سی تبدیلی سے یہ پورا نظام بجلی بھی بناسکتا ہے اور الجی کو بطور قدرتی کھاد کے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔