اسپیس ایکس نے زمین کے قطبین (poles) کی پہلی جھلک خلا سے شیئر کردی، جس پر ایلون مسک کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
اسپیس ایکس کے نجی خلائی مشن فرام 2 نے پہلی بار زمین کے شمالی اور جنوبی قطبین (poles) کے اوپر سے گزرتے ہوئے حیرت انگیز مناظر شیئر کیے ہیں۔
یہ خلائی جہاز 31 مارچ کو لانچ ہوا تھا اور صرف 10 منٹ میں لو ارتھ آربٹ (کم مدار) تک پہنچ گیا تھا۔
خلا سے لی گئی ایک شاندار ویڈیو میں ڈریگن کیپسول سے زمین کے شمالی اور جنوبی قطبین کے مناظر کو 90 ڈگری جھکاؤ کے ساتھ گردش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ایلون مسک نے ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب انسان زمین کے قطبین کے گرد مدار میں موجود ہیں۔
فرام 2 مشن کی قیادت کاروباری اور کرپٹو کرنسی کے ماہر چن وانگ کر رہے ہیں، اس مشن کا نام فرام بحری جہاز کے نام پر رکھا گیا ہے جو 1800 کی دہائی میں قطبی علاقوں تک پہنچنے والا پہلا جہاز تھا۔
عملے کا مقصد شمالی اور جنوبی قطبین کے مناظر کا مشاہدہ کرنا اور 22 سے زائد سائنسی تجربات انجام دینا ہے۔
مشن کی کل مدت 86 گھنٹے ہے اور واپسی کا منصوبہ 4 اپریل کو بحرالکاہل میں پانی میں لینڈنگ کے ساتھ ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب اسپیس ایکس کے کسی مشن نے قطبی مدار میں سفر کیا ہے، مشن کے دوران حاصل کردہ ڈیٹا اور تصاویر سائنسی برادری کے لیے انمول ثابت ہوں گی۔