فیٹی ایسڈ سے بھرپور غذائیں ، چھاتی کے سرطان کے خلاف مؤثر

August 02, 2022

فائل فوٹو

جریدے مینوپاز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق فیٹی ایسڈ (Fatty acids) سے بھرپور غذائیں چھاتی کے سرطان کے خطرے کو کم کرتی ہیں۔

یہ تحقیق نارتھ امریکن مینوپاز سوسائٹی (NAMS) کے تعاون سے کی گئی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ فیٹی ایسڈ (Fatty acids) انسانی جسم میں قدرتی طور پر نہیں بنتا۔

اس لیے مچھلی، پتوں والی سبزیاں اور سبزیوں اور بیجوں سے حاصل کردہ تیل جیسی غذاؤں کا استعمال ضروری ہے۔

یہ غذائیں فیٹی ایسڈ بنانے میں مدد فراہم کرتی ہیں جو چھاتی کے سرطان سے محفوظ رہنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ڈاکٹر کریسندرا شوفیلٹ (Chrisandra Shufelt) کا کہنا ہے کہ یہ مطالعہ طرز زندگی، عادات، کھانے پینے میں پولی ان سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز (polyunsaturated fatty acids) کے اثرات کو اجاگر کرتا ہے جن کے باعث چھاتی کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ڈاکٹر کریسندرا شوفیلٹ کا کہنا ہے کہ خواتین پھلوں ، سبزیوں، فائبر اور سالم اناج کے استعمال سے سرطان کے خطرے کو کم کرسکتی ہیں۔

مذکورہ تحقیق میں 1600 چھاتی کے سرطان میں مبتلا کیسز کا مطالعہ کیا گیا۔ محققین نے مریضوں اور صحت مند افراد پر فیٹی ایسڈ کے اثرات کا تجزیہ کیا۔

اس مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ طرز زندگی اور کھانے پینے میں فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذاؤں کا کم استعمال چھاتی کے سرطان کو بڑھا دیتا ہے۔

اگر ہم چھاتی کے سرطان کے خطرے کو کم کرنا چاہتے ہیں تو غذا میں فیٹی ایسڈ کا اضافہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ صحت کے مطابق ہر سال 264,000 خواتین میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوتی ہے اور تقریباً 42,000 خواتین سالانہ اس بیماری سے جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔