مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

August 08, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر )تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن منصور نگر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب دو پارٹیوں کے درمیان جھگڑا ہوا،پولیس کے مطابق دانش عرف ملا اور عرفان عرف ٹوپی کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا،اس دوران ایک گولی وہاں موجود شہری کو جا لگی ،اسے شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسا،مقتول کی شناخت 23 سالہ سرور کے نام سے ہوئی، دریں اثنا مومن آباد مسقطی محلہ میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہو گئے، جنھیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شناخت 22 سالہ بلال32 سالہ محمد صادق اور 25 سالہ جمیل احمد کے نام سے ہوئی،ایس ایچ او عدنان کے مطابق حاجی ظہور چوک اللہ والی مسجد کے قریب دو بچوں عمیر اور احمد میں جھگڑا ہوا تھا ،اس دوران عامر شہزاد نامی شخص بچوں کو جھگڑے سے منع کیا تاہم عامر کا بھائی قاری اظہر وہاں آیا اور اس نے بچوں کو مارا پیٹا اور پستول بھی نکال لیا ، پولیس اور علاقے کے لوگ وہاں پہنچے اور معاملے کو ختم کیا ، واقعہ کے بعد قاری اظہر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسقطی محلے پہنچا اور قاری اظہر کے ایک ساتھی نے زمین پر سات فائر کئیے جسکے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے،علاوہ ازیں شاہ فیصل نمبر 5 امام بارگاہ کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب فائرنگ کے واقعہ میں 40سالہ شہزادجاں بحق ہو گیا،پولیس کے مطابق دو دوست کامران اور شہزاد نشہ کر کے بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران انکے درمیان جھگڑا ہوا، کامران نے شہزاد کو گولی مار دی جو شدید زخمی ہو گیا،اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا۔