عمران خان توشہ خانہ ریفرنس میں نااہل ہوجائینگے، کنور دلشاد

August 08, 2022

اسلام آباد (صباح نیوز)سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کنور دلشاد نے کہا ہے کہ مجھے بادی النظر میں عمران خان، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوائے گئے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کی زد میں آجائیں گے،عمران خان اگر 10لاکھ لوگ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے لے آئیں تو کوئی فرق نہیں پڑے گا،ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ا سپیکر قومی اسمبلی کے ریفر نس پر یکم ، دویا تین ستمبر تک فیصلہ آجائے گا۔پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے حوالہ سے حتمی فیصلہ تو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کریں گے لیکن یہ فیصلہ بھی ایک آئینی ادارے نے کوششوں اور زبردست انکوائری کرنے کے بعد جاری کیا ہے ، جوانہوں نے دلائل دیئے ہیں ، ڈاکومنٹس دئیے ہیں، آئین اور قانون کا حوالہ دیا ہے اور کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل سات کی شق تین کی خلاف ورزی ہوئی ہے اورپی ٹی آئی نے اپنے فنڈنگ کے ذرائع الیکشن کمیشن کو نہیں بتائے اور انہیں چھپایا ہے۔ آرٹیکل سات کی خلاف ورزی ہوئی ہے اس کو بھی سپریم کورٹ آف پاکستان دیکھے گی، وہ دستاویزات بھی دیکھے گی جو کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہیں، وہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور اکائونٹینٹ جنرل آف پاکستان کی ہیں، نادرا کے چیئرمین کی رپورٹ ہے اس کو بھی سپریم کورٹ دیکھے گی اور اس کے بعداپنی صوابدید کے مطابق فیصلہ کرے گی لیکن الیکشن کمیشن نے بڑا مضبوط ہاتھ ڈالا ہے۔کنور دلشاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان، ایف آئی اے اور نادرا کی رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ دیا ہے، جولوگ فیصل آباد یا دیگر شہروں میں بیٹھ کردعویٰ کررہے ہیں کہ ان کی پاکستانی کمپنیوں کو غیر ملکی کمپنیاں قراردیا گیا ہے وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔