پاکستان میں ریلوے کے 23 فیصد انجن، 24 فیصد ویگنز ناقص ہیں: ADB

August 08, 2022

—فائل فوٹو

ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان سمیت سینٹرل ایشیائی ممالک کو ریلوے کے شعبے میں بہتری کے لیے تجاویز پیش کی ہیں۔

اے ڈی بی نے پاکستان میں ریلوے کے 23 فیصد انجن اور 24 فیصد ویگنز کی حالت کو ناقص قرار دیا ہے۔

اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سمیت خطے کے کئی ممالک میں ریلوے کے شعبے کو معاشی مسائل کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس خطے میں پاکستان سمیتدیگر ممالک کو ریلوے کی بہتری کے لیے لیز یا نجی شعبے کی شراکت داری کو بڑھانے اور ریلوے سسٹم میں اسٹاف کی کارکردگی بہتربنانے کی ضرورت ہے۔

اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق خطے میں ریلوے کے لیے ماڈرن کمرشل اکاؤنٹنگ سسٹم متعارف کروانا نا گزیر ہے۔

خطے میں موجود ممالک کو ریلوے کے لیے ٹیرف ریگولیشنز متعارف کروانے کی بھی ضرورت ہے کیونکہ اس سے ریونیو کے اقدامات میں بہتری آئے گی۔

ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سینٹرل ایشیائی ممالک کے ریلوے کے شعبے میں اصلاحات لانے سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری کے امکانات ہیں۔