بھارت: گندم قیمتوں پر کنٹرول کیلئے درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کا امکان

August 09, 2022

علامتی فوٹو

بھارت کی حکومت اور تجارتی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کو قابو کرنے کے لیے گندم درآمدات پر 40 فیصد ڈیوٹی ختم کی جاسکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ بھارت دنیا کا دوسرا بڑا گندم پیدا کرنے والا ملک ہے، اگر درآمدات پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی تو قیمتوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

وزارت تجارت نے کہا ہے کہ 14 اگست سے میدے کی برآمدات پر پابندی عائد کی جائے گی، ایک بین الوزارتی کمیٹی برآمدات کی اجازت دے گی۔

واضح رہے کہ بھارت نے رواں برس مئی میں ہیٹ ویو کی وجہ سے فصل متاثر ہونے کے بعد گندم کی برآمدات پر پابندی لگا دی تھی، اس کے باوجود مقامی سطح پر قیمتوں میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ڈیوٹی ختم کردے اور بین الاقوامی منڈی میں بھی قیمتیں گر جائیں تو گندم درآمد کی جاسکتی ہے۔

پچھلے ہفتے ایک ٹن گندم کی قیمت 24 ہزار بھارتی روپے یا 301 امریکی ڈالر کے مساوی تھی۔