شہباز گل سمیت دیگر ٹوئٹس کے پیچھے عمران خان ہے، خورشید شاہ

August 09, 2022

وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ کا کہنا ہے کہشہباز گل سمیت دیگر ٹوئٹس کے پیچھے عمران خان ہے، یہ لوگ ٹوئٹ کرکے قومی ہیروز کو متنازع بناتے ہیں، ایسے لوگوں کے خلاف قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےخورشید شاہ نے کہا کہعمران خان کو ایم کیو ایم کی 11 نشستیں، پیپلز پارٹی کی 3 اور 18 نشستیں پنجاب سے دی گئیں۔

انہوں نے کہا اس کے باوجود عمران خان 2018 میں اکیلے حکومت نہیں بنا سکا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اب عالمی اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے، سب جانتے ہیں عالمی طاقتیں پاکستان کو کیسا دیکھنا چاہتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 30 سال پہلے تین شخصیات عمران خان کے لیے انکشاف کرچکی ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ دنیا کو پتہ ہے عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ لے کر آئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج مخالف مہم کی سابق چیف جسٹس کی سربراہی میں انکوائری کرائیں سب پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی ترقی اور اسٹیبلشمنٹ کی اصلاح کے لیے بات کی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جس طرح پی ٹی آئی فوج کے خلاف مہم کا حصہ ہے یہ جمہوریت کو قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس نے قانون توڑا اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، پھر وہ عمران خان ہو یا کوئی وزیر۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے پاپڑ والے، اب بیل پوری والے کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع ہوئے، یہ کرپشن نہیں تو کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے فوجی جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، شہادتیں دے رہے ہیں، ہم ہمیشہ جوانوں کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔