شہباز گل پر بغاوت کا مقدمہ، تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی

August 10, 2022

۔۔۔فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل پر بغاوت کے مقدمے کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے وزارت داخلہ نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے۔

اس کے علاوہ ٹیم میں ایس پی سٹی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

شہباز گِل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ

واضح رہے کہاسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار شہباز گِل کو اسلام آباد کی عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزم شہباز گِل کو 2 روز بعد جمعے کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

شہباز گِل نے کیا کہا؟

تحریکِ انصاف کے گرفتار رہنما شہباز گِل نے پیشی سے قبل عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میرا بیان محب الوطن کا بیان ہے، فوج سے پیار کرنے والا بیان ہے، کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی۔

گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے یہ بھی کہا کہ بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کر رہے ہیں، میں نے ان کے بارے میں بات کی۔

شہباز گِل پر درج مقدمہ

گزشتہ روز شہباز گِل کے خلاف اداروں کے خلاف مبینہ غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

شہباز گِل پر تھانہ کوہسار میں 10 سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔