گرفتاری کے دوران شہباز گل پر تشدد کے الزامات غلط ثابت

August 11, 2022

میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہبازگل پر کوئی تشدد نہیں ہوا/ اسکرین گریب

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) کے گرفتار رہنما شہباز گِل کا عدالت کے حکم پر میڈیکل مکمل کرلیا گیا جس کی رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔

شہباز گل کا میڈیکل 3 رکنی بورڈ نے پمز اسپتال میں کیا ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہبازگل پر کوئی تشدد نہیں ہوا، نہ تشددکے نشانات ہیں، شہباز گل مکمل تندرست ہیں، شہباز گل کسی بیماری کا شکار نہیں ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے خاندان سے ان کے پیچھے ابھی تک کوئی نہیں آیا،پارٹی کا کوئی چھوٹا بڑا عہدیدار تاحال شہبازگل کاپتہ کرنے نہیں آیا نہ ہی فیملی میں سے کسی نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے وکلاء تھانے اور پولیس سے رابطے میں ہیں۔

پولیس کے مطابق شہباز گل کے وکیل نے پولیس حراست میں تشدد کا الزام لگایا تھا، شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ جمعے کو عدالت میں پیش کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق شہباز گل کا موبائل فون تاحال نہیں مل سکا،شہبازگل کی نشاندہی پر موبائل برآمدگی کیلئے ہی ڈرائیور کے گھر پولیس گئی تھی۔

دوسری جانب ڈرائیور کے اہلخانہ نے مزاحمت کی جس پر اہلخانہ کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازگل کے موبائل فون برآمدگی کیلئےمزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گرفتار شہباز گل کیخلاف غداری سمیت 10 سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، گزشتہ روز عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا، کل پھر کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔