پاکستانی اداکارائیں ایک دوسرے کو کاپی کرنے لگیں؟

August 12, 2022

کولاج بشکریہ انسٹاگرام اکاؤنٹس

پاکستان کی معروف، صفِ اول کی متعدد اداکاراؤں کے نئے ہیئر اسٹائلز نے مداحوں کی خوب توجہ حاصل کر رکھی ہے۔

شوبز انڈسٹری کی نامور اداکاراؤں کی بات کی جائے تو اس وقت اکثریت کا بالکل ایک جیسا ہیئر اسٹائل نظر آئے گا۔

اداکاراؤں کی بالوں کی کٹنگ سے لگتا ہے کہ سب نے ’بینڈز ہیئر کٹنگ‘ کو بطور ٹرینڈ سیٹ کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔

یا پھر اداکارائیں ایک دوسرے کی نقل کرتے ہوئے ایک ہی جیسی ہیئر کٹنگ کروا رہی ہیں۔

حال ہی میں نیا ہیئر اسٹال اپنانے والوں میں اداکارہ ماہرہ خان، سارہ خان، عائزہ خان، سجل علی، سیدہ طوبیٰ انور، زارا نور عباس، درِ فشاں، علیزے شاہ اور ہانیہ عامر شامل ہیں۔

حیران کُن بات یہ ہے کہ سب سے الگ تھلک دکھنے کا شوق رکھنے والی اداکاراؤں کے ہیئر کٹ تقریباً ایک جیسے ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

ان اداکاراؤں کے نئے ہیئر اسٹائل دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ چھوٹے بالوں کا ٹرینڈ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا کے مختلف پیجز کی جانب سے اداکاراؤں کے درمیان موازنے کا بھی سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

اگر ان پوسٹس کے نیچے آنے والے کمنٹس کی بات کی جائے تو مداحوں کی جانب سے زیادہ تر ووٹ سجل علی، سارہ خان، عائزہ خان اور ماہرہ کو دیے جا رہے ہیں۔

انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ سب اداکارائیں ایک دوسرے کو کاپی کر رہی ہیں مگر یہ ہیئر کٹ کسی کسی پر اچھا لگ رہا ہے۔

متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ہیئر کٹ اب بہت جَلد نیا ٹرینڈ بننے والا ہے۔