انگلینڈ کے کئی علاقے خشک سالی کا شکار قرار

August 12, 2022

برطانیہ میں بارشیں نہ ہونے کے اثرات ظاہر ہونے لگے، ملک کے کئی حصوں میں خشک سالی کا سرکاری طور پر اعلان کردیا گیا۔ خشک سالی جنوب مغربی، جنوبی، وسطی اور مشرقی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں ہے۔

لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں عوام پر پانی کے عام اور کمرشل استعمال پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کا آغاز ہوگیا ہے۔ جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 35 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ گرمی کی شدید لہر پیر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق گرما میں کم بارشیں اور درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ خشک سالی کا باعث ہے۔

ماحولیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں رواں برس کا جولائی 87 برسوں کا گرم ترین جولائی رہا، انگلینڈ اور ویلز میں 1976 کے بعد سے رواں برس سب سےکم بارشیں ہوئیں، اس غیرمعمولی خشک دور میں پانی کو احتیاط سے استعمال کیا جائے۔

ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ ماحولیاتی ایجنسی اور پانی کی کمپنیاں خشک سالی اثرات کیلئے اقدامات تیز کریں گی۔

انگلینڈ میں اس سے پہلے سرکاری سطح پر 2018 میں خشک سالی کا اعلان کیا گیا تھا۔