68 سال بعد جدید انداز میں پاکستان کا قومی ترانہ ریلیز

August 15, 2022

فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر جدید ٹیکنالوجی سے مزین پاکستان کے دوبارہ ریکارڈ کیے گئے قومی ترانے کو باضابطہ طور پر پیش کردیا ہے۔

قومی ترانے کو 68 سال بعد دوبارہ ریکارڈ کرنے کے لیے، 155 گلوکاروں، 48 موسیقاروں اور 6 بینڈ ماسٹرز نے حصہ لیا۔

لیاقت علی خان کے بعد شہباز شریف دوسرے منتخب کردہ وزیر اعظم ہیں جن کو قومی ترانہ ریلیز کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

یہ منصوبہ وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر سمیت مختلف محکموں کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔

اس قومی کوشش میں تینوں مسلح افواج کے براس بینڈز نے بھی حصہ لیا۔

بہترین امیجنگ کے ساتھ ریکارڈ کی گئی نئی کمپوزیشنز میں پاکستان کے تمام ثقافتی اور علاقائی رنگوں کی قوس و قزح موجود ہے۔

قومی ترانے کی دوبارہ ریکارڈنگ کے لیے ہم آواز ہونے والے نامور گلوکاروں میں فریحہ پرویز، ساحر علی بگا، احمد جہانزیب، زیب بنگش، فاخر، عارف لوہار، بلال سعید، گوہر ممتاز، عمیر جسوال اور دیگر شامل ہیں۔

یاد رہے کہپاکستان کے سرکاری قومی ترانے کی موسیقی کو پہلی بار 1949 میں احمد جی چھاگلا نے بنایا تھا جس کی منظوریباضابطہ طور پر وزیراعظم لیاقت علی خان نے دی تھی۔

1953-54 میں ایک ممتاز شاعر ابو الاثر حفیظ جالندھری نے خوبصورتی سے اس ترانے کو لکھا جسے بعد میں 1954 میں سرکاری طور پر پہلی بار ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم ، اب آزادی کے اتنے برس بعد موسیقی کے شعبے میں اہم تکنیکی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومت پاکستان نے قومی ترانے کی دوبارہ ریکارڈنگ کا اقدام اُٹھایا اور اسے مکمل کرنے کے لیے متنوع ثقافتی، علاقائی اور نسلی پس منظر سے تعلق رکھنے والے متعدد گلوکاروں کو شامل کیا۔