سابقہ اسٹار جوڑی کے درمیان لگژری طیارے پر قانونی جنگ شروع

August 15, 2022

فوٹو: فائل

حال ہی میں علیحدگی کا اعلان کرنے والی اسٹار جوڑی گلوکارہ شکیرا اور فٹبالر جیرارڈ پیک ایک اور قانونی جنگ میں چلے گئے جو ایک لگژری طیارے کی ملکیت کے حوالے سے ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں نے اپنے 11 سالہ ساتھ کے دوران ایک پرائیوٹ طیارہ خریدا تھا۔

دونوں کی جانب سے جہاں علیحدگی کے اعلان کے بعد بچوں اور جائیداد سے متعلق پہلے ہی قانونی جنگ جاری ہی تھی تاہم اب یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ دونوں اپنے پرائیویٹ طیارے سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک صحافی نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کے درمیان اس وقت ایک لگژری طیارے کا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

درمیانے حجم کا یہ ایگزیکٹو طیارہ دونوں نے مل کر خریدا تھا جس کی اس وقت قیمت تقریباً 2 کروڑ ڈالر ہے۔

لیرجیٹ 60 ایکس آر طیارے میں 10 مسافر سفر کرسکتے ہیں جبکہ اس میں دو بیڈ رومز، ایک ڈائننگ روم اور ایک لیونگ روم ٹیلی ویژن کے ساتھ موجود ہے جبکہ طیارے میں ایک خاندان کے سفر کے لیے پوری آسائشیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ شکیرا اور جیرارڈ اس طیارے کی ملکیت سے پیچھے ہٹنے کو تیار دکھائی نہیں دے رہے جبکہ انہوں نے اس معاملے کو اپنے اپنے وکلا کو سونپ دیا ہے۔